اسلام آباد، 28 جون 2025 – ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کی سال 2025 کی جاری کردہ تازہ درجہ بندی میں پاکستانی پاسپورٹ نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے پہلی مرتبہ دنیا کے 100 طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں جگہ بنا لی ہے۔ اس ترقی کے تحت پاکستانی شہری 32 ممالک میں ویزہ فری سفری سہولت حاصل کر سکیں گے۔
ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس مصطفی جمال قاضی نے پاسپورٹ رینکنگ میں اس اہم بہتری پر قوم کو مبارکباد پیش کی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سیکرٹری داخلہ کے خصوصی تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ سسٹم میں جدید سیکیورٹی فیچرز کا اضافہ اور ای-پاسپورٹ کی سہولت اس پیش رفت کا نتیجہ ہے۔
سالانہ کارکردگی رپورٹ 2025 – نمایاں نکات
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی جاری کردہ سالانہ رپورٹ 2025 کے مطابق:
پاکستان میں پاسپورٹ دفاتر کی تعداد 232 جبکہ دنیا بھر میں 93 ہو چکی ہے۔
گزشتہ 17 سال میں مجموعی طور پر 55 ملین پاسپورٹس جاری کیے گئے۔
صرف گزشتہ دو سال میں طلب میں اضافے کے سبب 13 ملین پاسپورٹس جاری کیے گئے، جن میں سالانہ اوسط 6.7 ملین رہا۔
130,318 اوورسیز پاکستانیوں کو گزشتہ سال آن لائن پاسپورٹ سروس فراہم کی گئی۔
گزشتہ 16 سال میں ادارے نے 295.7 بلین روپے قومی خزانے میں جمع کروائے، جن میں گزشتہ دو سال کے دوران سالانہ 40 بلین روپے شامل ہیں۔
ایک سال میں 53 پاکستانی سٹیزن شپ سرٹیفکیٹس، 4,447 ری نانسی ایشن سرٹیفکیٹس اور 1 نیچرلائزیشن سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا۔
32 نئے پاسپورٹ کاؤنٹرز اور تمام صوبائی اسمبلیوں و بار کونسلز میں سہولیات فراہم کی گئیں۔
10 جدید پرنٹرز اور 6 لیمنٹرز کی خریداری کے ذریعے پرنٹنگ نظام کو اپ گریڈ کیا گیا۔
ای گیٹس کا دائرہ جلد ملک بھر کے تمام بڑے ائیرپورٹس پر پھیلایا جا رہا ہے۔
شہری جلد ہی پاسپورٹ ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے پاسپورٹ بنوا سکیں گے۔
پاسپورٹ آسان فیس ایپ کے ذریعے چند سیکنڈز میں فیس ادائیگی کی سہولت فراہم کی گئی۔
ملک کے تمام بڑے شہروں میں 24/7 سروس کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔
شہری خدمات کی بہتری – ادارہ جاتی اقدامات
ڈی جی پاسپورٹس نے کہا کہ بیگ لاک کا مکمل خاتمہ، پاسپورٹ دفاتر کا جدید معیار پر اپگریڈیشن، اور انفراسٹرکچر میں بہتری وہ اقدامات ہیں جن سے سروس ڈیلیوری کو عوامی توقعات کے مطابق بنایا گیا۔ ادارے کی جانب سے گزشتہ سال پرائم منسٹر پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ پر موصول 73,700 شکایات کا مؤثر ازالہ کیا گیا۔
مصطفی جمال قاضی نے کہا کہ “ہماری اولین ترجیح ہر شہری کو محفوظ، بروقت اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ سفری دستاویزات فراہم کرنا ہے۔ محکمہ پاسپورٹس دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کے لیے خدمات کو آسان اور قابلِ رسائی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔”

0 تبصرے